Aaj Logo

شائع 31 مئ 2025 09:54am

نام کا گھپلا، جیل حکام نے غلط بندہ رہا کردیا

بھارت کے شہر فریدآباد میں نام کے گھپلے نے جیل سے غلط قیدی رہا کروا دیا جس کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فرید آباد کی نیمکا جیل (Neemka Jail) میں شناخت کی سنگین غلطی کے باعث ایک خطرناک مجرم کو غلطی سے رہا کر دیا گیا، جبکہ جس شخص کو رہا کیا جانا تھا وہ جیل میں ہی رہا۔ اس واقعے کے بعد جیل کے پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق جیل میں دو افراد قید تھے جن کا نام ’نتیش‘ اور ان کے والد کا نام ’رویندر‘ ایک جیسا تھا، لیکن ان پر عائد جرائم کی نوعیت بالکل مختلف تھی۔

رہا کیے جانے والے شخص پر ایک 9 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کا سنگین الزام تھا، جب کہ دوسرے نتیش پر گھر میں زبردستی گھسنے اور مار پیٹ کرنے کا مقدمہ تھا۔ جیل انتظامیہ کو معمولی جرم میں گرفتار نتیش کو رہا کرنا تھا، مگر غلطی سے کمسن بچے کے ساتھ ریپ کے خطرناک ملزم نتیش پانڈے کو رہا کر دیا گیا۔

بھارتی بوکھلاہٹ، ہیلتھ ورکر کو پاکستان کیلئے جاسوسی کا الزام لگاکر پکڑ لیا

رپورٹ کے مطابق جنسی زیادتی کے ملزم کی تلاش جاری ہے، اور صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ریپ کے ملزم کی شناخت نتیش پانڈے، عمر 27 سال، ولد رویندر پانڈے کے طور پر ہوئی ہے، جسے اکتوبر 2021 میں ایک 9 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب 24 سالہ نتیش، جس کے والد کا نام بھی رویندر ہے، اتوار کے روز مکان میں زبردستی داخل ہونے اور مار پیٹ کے الزام میں جیل لایا گیا تھا۔

پاکستان سے تعلقات کے الزام میں ایک اور بھارتی شہری گرفتار

رپورٹ کے مطابق 24 سالہ نتیش کو پیر کے دن چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، فرید آباد کی عدالت نے ضمانت دی، جس کے بعد اس کی رہائی عمل میں آنی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شخص کا کوئی سر نیم (surname) نہیں تھا، جو کہ اصل ملزم نتیش پانڈے سے فرق ظاہر کرنے کے لیے کافی تھا، لیکن پھر بھی شناخت کی یہ خطرناک غلطی ہو گئی۔

خبر ایجنسی نے نائب سپرنٹنڈنٹ جیل وکرم سنگھ کے حوالے سے بتایا کہ نیمکا جیل انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نتیش پانڈے نے اپنی شناخت چھپا کر رہائی حاصل کی۔ ہم نے صدر پولیس اسٹیشن میں نتیش پانڈے کے خلاف اپنی شناخت چھپا کر غیر قانونی طور پر رہائی حاصل کرنے پر مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

’تو باہر مل۔۔۔!‘: فیصلے سے غصہ ملزم کی خاتون جج کو دھمکی، کورٹ میں ہنگامہ

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس واقعے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ ہریندر سنگھ کی جانب سے داخلی تحقیقات کی گئیں، جس کے نتیجے میں پانچ جیل اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

Read Comments