پنجاب سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خاتون سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، مختلف حادثات میں متعدد افراد بھی زخمی ہوئے۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب آرسی ڈی شاہراہ پر ٹرک اور کار میں تصادم ہوا، کار میں سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پنجاب میں وزیرآباد گیمن پل کے قریب مسافر بس نے موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا۔ چوبارہ میں مسافر وین نے رکشے کو ٹکرمار دی، حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
ٹیکسلا میں بدرموڑ کےقریب تیز رفتار ڈمپر نے خاتون کو کچل دیا۔
سندھ میں ڈہرکی میں قومی شاہراہ پر تیزرفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل کو ٹکرمار دی۔ موٹر سائیکل سوار شخص جان سے گیا۔
مٹیاری قومی شاہراہ پر آموں سے بھرا ہوا مزدا اچانک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں حیدرآباد ریفر کر دیا گیا، جبکہ باقی پانچ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
خیبرپختون خوا میں مردان میں چارسدہ روڈ پر ٹرک کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہو گیا، خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے۔