Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 مئ 2025 03:42pm

وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کی تاریخ میں دوسری بار تبدیلی کا امکان

وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ کی تاریخ میں ایک بار پھر تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ اب 10 جون کے بجائے 12 یا 13 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ تبدیلی ممکنہ طور پر عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے باعث کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 7 اور 8 جون کو عید کی عام تعطیلات ہوں گی جبکہ عید کے تیسرے دن حکومت کو ورکنگ ڈے کا اعلان کرنا پڑے گا، کیونکہ اسی روز قومی اقتصادی کونسل اجلاس اور اکنامک سروے کا اجراء متوقع ہے۔

آئی ایم ایف کا ریونیو بڑھانے کیلئے ٹیکس نادہندگان کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا مطالبہ

وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہی روز میں قومی اقتصادی کونسل اجلاس کا انعقاد اور اکنامک سروے کا اجرا ممکن نہیں ہوگا۔

نیز، روایتی طور پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس اور بجٹ کے درمیان دو دن کا وقفہ رکھا جاتا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے بعد بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔

بجٹ 2025-26: قبائلی اضلاع میں تیار شدہ اشیاء پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم شرکت کریں گے، اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر مشاورت کی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے وفاقی بجٹ کی پیشی کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کا حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ یہ بجٹ کی تاریخ میں دوسری بار تبدیلی ہوگی۔

بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا، سیکرٹری خزانہ

دوسری جانب اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے بتایا کہ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی تاریخ میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے جبکہ اے پی سی سی کے اجلاس کی تاریخ کا تعین ابھی تک نہیں کیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج پھر ہوں گے، جن میں تنخواہ دار طبقے اور صنعتی شعبے کو ریلیف دینے پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے مالی سال کے بجٹ اہداف اور ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بجٹ کو آئی ایم ایف کی مشاورت سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

Read Comments