Aaj Logo

شائع 29 مئ 2025 01:11pm

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین پہنچ گئے، چینی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات طے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے اہم دورے پر سنکیانگ کے شہر اُرمچی پہنچ گئے، جہاں چینی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار باکو سے ہانگ کانگ جاتے ہوئے ارمچی پہنچے، جہاں ان کا قیام چینی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے لیے طے ہے۔ دورے کے دوران اسحاق ڈار کی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک منصوبوں، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سفارتی، اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف اجلاسوں اور ملاقاتوں میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر بھی بات چیت کریں گے۔

Read Comments