Aaj Logo

شائع 29 مئ 2025 10:03am

لاہور: 9 مئی واقعات میں سرکاری املاک کتنی مالیت کا نقصان ہوا؟ تفصیلات جاری

9 مئی 2023 کو لاہور میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے دوران سرکاری املاک کو ہونے والے مالی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ آج نیوز نے اس حوالے سے اہم دستاویزات حاصل کر لیں جس کے مطابق صرف لاہور میں سرکاری املاک کو 10 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

دستاویزات کے مطابق پرتشدد مظاہروں میں پولیس اور رینجرز کی 21 گاڑیاں تباہ کی گئیں، جبکہ 9 مختلف تھانوں کی حدود میں درجنوں سرکاری گاڑیاں توڑی گئیں۔ مجموعی طور پر سرکاری گاڑیوں کو 8 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جناح ہاؤس کے قریب رینجرز کے سنگل کیبن ڈالے سمیت 12 گاڑیاں تباہ کی گئیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک سگنلز اور دیگر آلات کو 53 لاکھ 5 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جنہیں 1 کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا۔ گرجا چوک کینٹ میں 25 لاکھ 62 ہزار 300 روپے مالیت کے کیمرے تباہ کیے گئے، جبکہ شیر پاؤ پل کے قریب 5 لاکھ 18 ہزار روپے مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچا۔

دستاویزات کے مطابق قرطبہ چوک، جیل روڈ اور شالیمار چوک میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی، جس سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 18 ہزار روپے کی سرکاری املاک متاثر ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام نقصانات مختلف مقدمات کا حصہ بنائے جا چکے ہیں اور سرکاری سطح پر تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ متعلقہ اداروں نے نقصانات کے ازالے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تفصیلی رپورٹ بھی مرتب کرنا شروع کر دی ہے۔

Read Comments