راولپنڈی میں یومِ تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے چھ جنگی طیارے گرائے اور ایک ہزار بھارتی فوجی ہلاک کیے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت اب دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے جب پاکستان پر جنگ مسلط کی تو معصوم بچوں کو بھی شہید کیا گیا، لیکن بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بہت بڑی غلطی کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے مودی کی غلط فہمی کو رافیل طیارے گرا کر دور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا ہے اور دشمن کو ہماری طاقت کا بھرپور اندازہ ہو چکا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوری دنیا کے دباؤ کے باوجود نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی طاقت بنایا۔ اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے قوم کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاک افواج نے حالیہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پلوامہ واقعے پر بھارت کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔
ن لیگی رہنما دانیال چوہدری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے فخر، اتحاد اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر پر پاکستانی سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کیونکہ یہ دن پاکستان کی سیاسی، سائنسی اور عسکری قیادت کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔