Aaj Logo

شائع 27 مئ 2025 12:29pm

ناتھا خان پل پر بڑا گڑھا، کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور امتحان

کراچی میں ٹریفک کے مسائل کم ہونے کا نام نہیں لے رہے، شارع فیصل پر ناتھا خان پل کی چڑھائی سے قبل سڑک میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا جس نے شہریوں کو نئی اذیت میں مبتلا کر دیا۔

ڈرگ روڈ سے ایئرپورٹ جانے والا راستہ پہلے ہی ٹریفک کے بوجھ سے سست روی کا شکار تھا، اب اس گڑھے نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چند منٹوں کا سفر اب گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔

ناتھا خان پل حالیہ مہینوں میں متعدد بار مسائل کا سبب بن چکا ہے، تاہم اس بار حفاظتی دیوار کی عدم تعمیر اور سست رفتار مرمتی کام نے شہریوں کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے ایم سی کی جانب سے مرمت کا ٹھیکہ ایک ہی بلڈر کو دیے جانے کے باعث کام سست روی کا شکار ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ گڑھے کو فوری طور پر بھرا جائے تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں اس مقام سے گزرنا ویسے ہی مشکل ہوتا ہے، اور اب اس گڑھے کی وجہ سے انہیں طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے فوری اور موثر مرمتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Read Comments