پنجاب حکومت نے یوم تکبیرکے موقع پر صوبے بھر کے تمام اسکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے کے مطابق 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر صوبے بھر کے سرکاری اسکولز میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں تقاریر، ملی نغمے، آرٹ مقابلے اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے خصوصی پروگرامز شامل ہوں گے۔
ضلعی سطح پر یوم تکبیر کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں کامیاب طلبہ کو 50 ہزار روپے تک کے انعامات بھی دیے جائیں گے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان تقریبات کا مقصد طلبہ کو ایٹمی طاقت کی قومی اہمیت اور ملکی دفاع کی افادیت سے روشناس کرانا ہے۔
یوم تکبیر کے پروگرامز مکمل ہونے کے بعد صوبے میں گرمیوں کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی جذبے کو فروغ دینے اور نئی نسل کو ملکی تاریخ سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
وفاقی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب بھر میں 28 مئی سے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اب پنجاب حکومت نے یوم تکبیر کے موقع پر اسکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔