Aaj Logo

شائع 22 مئ 2025 09:59am

پاکستان کا بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم

پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دینے اور ملک چھوڑنے کا حکم دینے کے ردعمل میں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی اہلکار ایسے سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جو اس کے سفارتی استحقاق اور آداب کے منافی تھیں۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اس فیصلے سے متعلق بھارتی ناظم الامور کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے باضابطہ آگاہ کیا گیا اور بھارت کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سفارتی قواعد کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

بھارت کا ایک اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے ایک اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔ قبل ازیں 13 مئی کو بھی بھارت نے پاکستانی سفارتکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔بعدازاں پاکستان نے بھی بھارتی جارحیت کے جواب میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک عملے کے رکن کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

Read Comments