پنجاب میں سرکاری درسی کتب کے بعد اب اسپتالوں میں استعمال ہونے والے ٹیسٹ فارم پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کی تصویر چھاپی جانے لگی ہے۔ حالیہ واقعہ میں لاہور کے ایک سرکاری اسپتال میں سی ٹی اسکین کے فارم کی بیک گراؤنڈ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تصویری عکس واضح طور پر دیکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ فارم اسپتال میں نصب سی ٹی اسکین مشین سے متعلق ہے جسے حالیہ عرصے میں نجی کمپنی کو آؤٹ سورس کیا گیا تھا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فارم اسی نجی کمپنی کی جانب سے تیار کیا گیا اور مریم نواز کا تصویری عکس بھی کمپنی نے شامل کیا ہے۔
انتظامیہ نے مزید وضاحت دی کہ اسپتال کے دیگر کسی بھی سرکاری فارم پر کسی سیاسی شخصیت کی تصویر موجود نہیں ہے۔ جناح اور میو ہسپتال میں آؤٹ سورس کیے گئے ڈیپارٹمنٹس کے فارمز الگ الگ ہیں، جنہیں نجی کمپنیاں اپنی پالیسی کے مطابق تیار کرتی ہیں۔
واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے اور مختلف حلقے اسے سرکاری اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض افراد اسے عوامی خدمت کے منصوبوں کی تشہیر کا حصہ بھی کہہ رہے ہیں۔