Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 مئ 2025 07:36pm

’مسلح افواج نے دشمن کو شکست دے کر قوم کا وقار بلند کیا،‘ وزیراعظم و نواز شریف کی اہم گفتگو

مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جاتی امراء میں ملاقات کی۔ نوازشریف نے آپریشن کی کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور عوام کو مزید ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات کی ہدایت کی۔ اس سے قبل نواز شریف سے رائیونڈ میں سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی ملاقات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاتی امراء میں وزیراعظم شہباز شریف کی مسل ن لیگ کے صدر نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد دی، وزیراعظم نے سیاسی، معاشی و دفاعی صورتحال سے انھیں آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کو شکست دے کر ملک کاجھنڈا بلند کیا، دنیا پاکستانی جھنڈے کو احترام سے دیکھ رہی ہے، پوری قوم یک جان اور دو قالب ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بہترین حکمت عملی کے تحت مقابلہ کیا، بھارت ہمیشہ کی طرح اس بار بھی الزام لگا کر بھاگ گیا، پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لئے بھارت تیار نہیں ہے، پاکستان کی معیشت بہترین سمت پر گامزن ہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں، اللہ کا شکر ہے ہر میدان میں پاکستان کو ترقی مل رہی ہے، جنگ میں ہماری افواج نے پیشہ ورانہ مہارت سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔

قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند ہے، عوامی نمائندوں نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی، اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا، اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

نواز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی کی ملاقات

قبل ازیں، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے رائیونڈ میں سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کی۔

سینیٹرعرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔

انھوں نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔

سابق وزیراعظم نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔

Read Comments