کراچی میں بدھ کی صبح اسکول جانے والی بیٹی کے سامنے باپ کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، فائرنگ سے بچی بھی زخمی ہوگئی۔ ڈکیتی کے ایک علیحدہ واقعے ایک شہری مارا گیا جبکہ ڈاکوؤں نے دو بھائیوں کو گولی مار کر زخمی کردیا۔
ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب بھی اسکول کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں باپ جاں بحق جبکہ اس کی کمسن بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت راشد اور زخمی بچی کی شناخت آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باپ اپنی بچی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا کہ اسی دوران اسکول کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزم نے ذاتی رنجش کی بنا پر اسکول کے باہر ٹارگٹ کر کے گولیاں چلائیں۔ ملزم پہلے سے اسکول کے باہر انتظار کر رہا تھا اور جیسے ہی مقتول اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا اس پر حملہ کر دیا۔
فاٸرنگ کے نتیجے میں مقتول شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، جبکہ اس کی بیٹی کو سر میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی بچی کو فوراً عباسی اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ملزم فاٸرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پستول کے خول برآمد کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جو آپس میں سگے بھائی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تیسرا واقعہ گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کی شناخت کامران عباس کے نام سے کی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بھی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، اور فائرنگ کے اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ، 3 افراد قتل، 5 زخمی
شہر میں فائرنگ کے ان واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔