Aaj Logo

شائع 11 مئ 2025 07:25pm

جڑواں شہروں اور لاہور میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار

راولپنڈی، اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ لاہور میں بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش کے ساتھ ہی متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے جبکہ گریڈ سٹیشن ٹرپ کرنے سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی تھی۔ جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ژالہ باری کے باعث گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دن بھر شدید گرمی کے بعد قدرت لاہوریوں پر مہربان

دوسری جانب دن بھر شدید گرمی کے بعد قدرت لاہوریوں پر مہربان ہوگئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار بنا دیا جبکہ گرمی سے مرجھائے چہرےخوشی سے کھل اٹھے۔

لاہور شہر کے علاقوں صدر، دھرم پورہ، مغلپورہ، تاج باغ اور ہربنس پورہ میں تیز بارش تیز بارش ہوئی جبکہ مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، شادمان اور اچھرہ میں بھی بادل خوب برسے۔

اس کے علاوہ ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور بیدیاں روڈ سمیت شالیمار باغ، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈہ کے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم بارش کے باعث شہر کے متعدد گرڈ اسٹیشنز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، شہریوں کو بجلی کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

Read Comments