بھارتی جارحیت اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کی بار بار بندش نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ خلیجی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ائیرلائنز کے مطابق، قطر ایئرویز، ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور سعودی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ کنیکٹنگ پروازوں کے ذریعے پاکستان جانے والے مسافروں کو تا حکمِ ثانی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ متاثرہ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر نہ پہنچیں اور متبادل انتظامات کے لیے اپنے بکنگ ایجنٹ یا متعلقہ ایئرلائنز کی کسٹمر سروسز سے رابطہ کریں۔
پاکستان میں تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری
ایئرلائنز کے مطابق جیسے ہی خطے میں صورتحال معمول پر آئے گی، فضائی آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی سے پاکستان کی فضائی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کا اثر ہزاروں مسافروں پر پڑا ہے۔