پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی بندرگاہوں پر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تینوں بندرگاہوں پر سیکیورٹی بڑھادی گئی جبکہ کشتیوں کے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تینوں بندرگاہوں پرہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، گوادر پورٹ، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی اور غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے چھوٹی کشتیوں کے سمندر میں جانے پر پابندی لگادی۔
موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستانی سمندری حدود میں ماہی گیری پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے ماہی گیری کے لیے سمندر میں موجود فشنگ ٹرالرز اور کشتیوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہائی الرٹ تک سمندر میں کوئی غیر ضروری بوٹس اور ماہی گیری کشتیاں فشنگ بوتس پر پابندی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق گوادر پورٹ، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ پر شپنگ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
اس کے علاوہ قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کے لیے اجازت اور مکمل اختیارات دے دیے ہیں، پاکستان نے بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔