پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران شدید منفی رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل رہا۔ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس 8400 پوائنٹس سے زائد کی کمی کے بعد 1 لاکھ 1 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کے پُرامید رویے کے باعث 100 انڈیکس میں 1800 پوائنٹس سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم خطے میں پاک بھارت کشیدگی میں اضافے اور پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈرون گرائے جانے کی اطلاعات کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس کے بعد سرمایہ کاروں میں بے یقینی کی لہر دوڑ گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی۔ 100 انڈیکس میں 8400 پوائنٹس سے زائد کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 1 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں نے جغرافیائی کشیدگی کے باعث خطرات کو بھانپتے ہوئے اپنے اثاثے نکالنا شروع کر دیے، جس سے مارکیٹ پر دباؤ بڑھ گیا۔ مارکیٹ کی اس شدید گراوٹ نے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈبو دیے۔