Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 مئ 2025 11:04am

بھارتی حملے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب ، اسلام آباد اور کراچی میں فول پروف اقدامات

بھارتی حملے کے تناظر میں ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک اہم مراسلہ جاری کیا ہے جس میں حساس مقامات اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مراسلہ آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، تمام ریجنل اور سٹی پولیس افسران (آر پی اوز، سی پی اوز) کو ارسال کیا گیا ہے۔ اس میں تمام اضلاع میں اہم تنصیبات اور حساس علاقوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مراسلہ محکمہ داخلہ پنجاب کے انٹرنل سکیورٹی ونگ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل اسلام آباد علی ناصر رضوی نے فورس کو چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہم اور حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

بھارتی حملہ قابل مذمت، فیصلہ کن جواب جاری ہے: وزیراعظم شہباز شریف

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے صوبے بھر میں پولیس کو ہر سطح پر الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔آئی جی سندھ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ افسران اور اہلکار شہری علاقوں، بازاروں، اور دیگر عوامی مقامات پر کڑی نگرانی رکھیں اور مسلسل گشت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اہم تنصیبات پر سیکیورٹی مزید سخت کی جائے اور چیکنگ کا عمل مؤثر بنایا جائے۔

غلام نبی میمن نے پولیس فورس کو تاکید کی کہ مشتبہ افراد، سرگرمیوں یا دہشت گردوں سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاعات پر فوری اور پیشگی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

Read Comments