Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 مئ 2025 07:54pm

پاکستان کے تمام ائیرپورٹس مکمل طور پر فعال ہیں، ائیرپورٹس اتھارٹی

پاکستان کی ائیرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کھول دی گئی ہیں اور تمام ائیرپورٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔

بدھ کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قومی فضائی حدود شہری ہوابازی کے لیے دستیاب اور محفوظ ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان نے انڈیا کے غیر ذمہ درانہ اقدامات کے باعث شہری ہوا بازی کو لاحق ہونے والے سنگین خطرات سے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کو آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے ایک نیا نوٹم جاری کیا ہے جس کے تحت لاہور کی فضائی حدود کو کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کا فضائی روٹ آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔

نوٹم کے مطابق علاقائی صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے قریبی رابطے میں رہیں، پروازوں کے شیڈول اور راستوں کے بارے میں حتمی فیصلہ ایئرلائنز کا اختیار ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فضائی حملوں کے بعد بدھ کی صبح پاکستان بھر میں ہائی سیکیورٹی الرٹ نافذ کر دیا گیا تھا اور متعدد اہم ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کر دیاگیا تھا۔ یہ اقدام بھارتی جارحیت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔

ایشیائی ایئر لائنز کا ردعمل

تائیوان کی ایوا ایئر (EVA Air) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری لڑائی سے متاثرہ فضائی حدود سے بچنے کے لیے اپنی یورپ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کے راستوں کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق ویانا سے روانہ ہونے والی ایک پرواز کو واپس ویانا ہی موڑ دیا جائے گا، جبکہ تائی پے سے میلان جانے والی پرواز کو ایندھن کے لیے ویانا میں اتارا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گی۔

جنوبی کوریا کی کورین ایئر (Korean Air) نے بھی پاکستان کی فضائی حدود سے بچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایئرلائن جنوبی کوریا کے انچیون ایئرپورٹ اور متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے درمیان پروازیں چلاتی ہے۔ یہ اطلاع یونہاپ نیوز ایجنسی نے دی ہے۔

تائیوان کی چائنا ایئرلائنز (China Airlines) نے بتایا کہ اس نے ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا ہے اور اپنے مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے ہیں، تاہم انہوں نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا، شکست تسلیم

تائی پے کے باہر واقع تائیوان کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے، تاؤیوان ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کے روز چائنا ایئرلائنز کی لندن جانے والی نان اسٹاپ پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔

روس یوکرین جنگ سے پہلے یورپ جانے والی بیشتر تائیوانی پروازیں روس کی فضائی حدود سے گزرتی تھیں، لیکن اب تائیوان کی جانب سے مغربی پابندیوں میں شمولیت کے بعد روسی فضائی حدود پر پابندی ہے، جس کے باعث یہ پروازیں بھارت، پاکستان اور وسطی ایشیا کے راستے جاتی ہیں۔

Read Comments