ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ملائیشین وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے جس میں پہلگام واقعے سے متعلق غیرجانب دارانہ تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انور ابراہیم نے بتایا کہ انہوں نے اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے ملائیشیا کی جانب سے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔
وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، بھارت کے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات مسترد
انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے اور اس لیے اس معاملے پر غیر جانبداری کے ساتھ امن و شفافیت کی حمایت کرتا ہے۔
ملائیشین وزیراعظم نے اس موقع پر بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ صورتحال کے پیش نظر ملائیشیا کا دورہ ملتوی کرنے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد ملائیشیا پہلی بڑی ریاست ہے جس نے اس تجویز کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا ہے۔