وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری کو لاہور کی ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور شہر میں اسٹریٹس کی تعمیر و بحالی کا پہلا مرحلہ 30 جون تک مکمل کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں میونسپل کارپوریشن لاہور کے تحت 3,705 جبکہ واسا کے تحت 230 گلیاں شامل ہیں۔ واسا کے ورکس کے لئے علیحدہ سے 1,573 گلیوں کی مرمت کی حتمی ڈیڈ لائن 31 جولائی مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے پروجیکٹ کی اصولی منظوری
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ہر ماہ کی ٹائم لائنز ترتیب دی جائیں گی تاکہ کام کی رفتار اور معیار کو مسلسل جانچا جا سکے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں گلیوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہوں گے۔
’بلٹ ٹرین‘ چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل عوامی ریلیف کے لیے ناگزیر ہے، تاخیر سے شہریوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہیں اور انہیں مشکلات میں دیکھنا گوارا نہیں۔