Aaj Logo

شائع 01 مئ 2025 09:22am

سعودی عرب نے پاکستانی حجاج کے فنڈز سے متعلق الزامات مسترد کردیے

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے منگل کے روز ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی عازمینِ حج کے کروڑوں ریال غلط اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئے۔ سعودی حکام نے کہا کہ الیکٹرانک حج نظام اعلیٰ ترین شفافیت اور درستگی کے اصولوں پر کام کرتا ہے، اور پاکستانی میڈیا میں آنے والی اطلاعات محض غلط فہمی کا نتیجہ ہیں۔

یاد رہے کہ آل پاکستان حج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر فہیم بٹ اور دیگر عہدیداران نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی حجاج کے اخراجات کے لیے مختص رقوم غلطی سے اوپیک (OPEC) کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئیں، جس کے باعث پاکستانی حجاج کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ تاہم سعودی وزارتِ حج کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اس دعوے کو مکمل طور پر بے بنیاد اور فرضی قرار دے دیا۔

عازمین حج متوجہ ہوں! یہ کام نہ کیا تو سعودی عرب میں داخلہ نہیں ملے گا

رواں سال جون میں حج کی ادائیگی متوقع ہے اور پاکستان سے 89 ہزار سے زائد عازمین سرکاری اسکیم کے تحت، جبکہ 23 ہزار 620 افراد نجی حج آپریٹرز کے ذریعے سعودی عرب جائیں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کل 179,210 کا حج کوٹہ دیا گیا تھا، تاہم افسوسناک طور پر یہ مکمل طور پر استعمال نہیں ہو سکا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے، خاص طور پر اس بات کی چھان بین کی جا رہی ہے کہ نجی حج آپریٹرز اپنے کوٹے پر عمل درآمد کیوں نہ کر سکے۔

احراموں کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا خیال وائرل

سعودی حکام کے مطابق پاکستانی وزارتِ مذہبی امور نے بروقت تمام معاہدے مکمل کر لیے، جبکہ متعدد نجی حج کمپنیوں نے مقررہ وقت میں معاہدے حتمی نہیں کیے، جس کی وجہ سے ان کے عازمین کے داخلے کے انتظامات مکمل نہیں ہو سکے۔ یہ مسئلہ پہلے بھی دیکھنے میں آ چکا ہے، اور اس سال بھی یہی سستی کئی پاکستانیوں کو حج سے محروم کر سکتی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کا حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں اور جرمانوں کا اعلان

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا کہ وہ پاکستانی حکام سے اعلیٰ سطح پر رابطے میں ہے اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پاکستان کی حج پروازیں منگل کے روز باقاعدہ طور پر شروع ہو چکی ہیں اور پہلی پرواز میں 442 عازمین اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوئے۔

Read Comments