Aaj Logo

شائع 30 اپريل 2025 03:13pm

اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو عالمی سطح پر محفوظ ترین شہروں میں شمار کر لیا گیا ہے۔ بین الاقوامی گلوبل ویب سائٹ نمبیو نے دنیا کے 380 شہروں پر مبنی سیفٹی انڈیکس رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اسلام آباد کو لندن، نیویارک، سڈنی، اوسلو، ماسکو، ٹورنٹو اور بارسلونا جیسے بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کا سیفٹی انڈیکس 68.12 اورکرائم انڈیکس 31.8 ہے اور یہ اسکور اسلام آباد کو نہ صرف محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں ممتاز بناتا ہے بلکہ کئی ترقی یافتہ ممالک کے مشہور شہروں سے بہتر پوزیشن پر لے آتا ہے۔

بین الاقوامی گلوبل ویب سائٹ نمبیو کے تجزیے کے مطابق اسلام آباد میں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے اور لسانی و مذہبی بنیادوں پر تشدد نہ ہونے کے برابر ہے۔

اسی طرح دن کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کی 80 فیصد سے زائد آبادی خود کو محفوظ سمجھتی ہےاور رات کے وقت بھی 62 فیصد افراد خود کو خطرے سے باہر تصور کرتے ہیں۔

رپورٹ میں اسلام آباد کو نہ صرف ایک محفوظ شہر بلکہ پُرامن، پر سکون اور شہریوں کے لیے قابلِ اطمینان قرار دیا گیا ہے۔ یہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک مثبت پیش رفت اور دارالحکومت کے انتظامی و سیکیورٹی اقدامات کا اعتراف ہے۔

Read Comments