لاہور علاقے راوی روڈ پر واقع ایک دکان میں سلنڈر دھماکے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں بلڈنگ کی تینوں چھتیں زمین بوس ہو گئیں۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔
ایدھی ترجمان کے مطابق واقعہ سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا جس کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی ۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
راوی روڈ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ انسٹرکٹر سول ڈیفنس راحیل اجمل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ رکشہ میں ری فلنگ کرتے ہوئے شارٹ سرکٹ سے پیش آیا، واقعہ دکان مالک امین کی غفلت کے باعث پیش آیا۔