Aaj Logo

شائع 29 اپريل 2025 03:01pm

بھارت سائبر دہشت گردی پر اتر آیا، پاکستانی وزارتوں پر سائبر حملے

بھارت ایک بار پھر سازشی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائبر دہشت گردی پر اتر آیا، جس نے پاکستان کی مختلف وفاقی وزارتوں پر منظم سائبر حملے کیے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دشمن کی یہ کارروائی ناکام بنا دی گئی۔

وفاقی وزیر کے مطابق سائبر حملوں کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ان حملوں کا پاکستان کے ٹیلی کام نظام پر کوئی اثر پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) پر ہوسٹ کی گئی ہیں، جہاں سائبر سیکیورٹی کا مضبوط ترین نظام موجود ہے۔

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی دو یونٹوں میں جھڑپ، 5 سکھ فوجی ہلاک

شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی سطح پر کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز (CERTs) تشکیل دی جا چکی ہیں جو مستقل بنیادوں پر ایڈوائزری جاری کرتی رہتی ہیں، جب کہ این ٹی آئی ایس پی بھی سائبر حملوں سے متعلق مسلسل متحرک ہے۔

وفاقی وزیر نے فخر سے بتایا کہ پاکستان صرف دو سال کے اندر سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ٹاپ ٹیئر ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے، اور اب اس کا شمار امریکہ اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے سائبر حملوں کے باوجود حوصلے کا مظاہرہ کیا اور سوشل میڈیا پر میمز بنا کر صورتحال کو انجوائے بھی کیا۔

شزہ فاطمہ نے دو ٹوک اعلان کیا کہ ’ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، لیکن یاد رکھیں، ہم پاکستانی کسی سے ڈرنے والے نہیں‘۔

پاکستان کو فوجی امداد بھیجی یا نہیں، ترکی کا اہم بیان سامنے آگیا

وفاقی وزیر کا بیان اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف دفاعی میدان میں مستحکم ہے بلکہ ڈیجیٹل محاذ پر بھی دشمن کو مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت کی یہ نئی چال بھی ناکام ہو کر رہ گئی، اور ایک بار پھر پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ وہ ہر میدان میں تیار ہے۔

Read Comments