قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن بن گئے۔ شاہین فورس کے اہلکاروں پر موٹرسائیکل سوار طالب علم کو لوٹنے، تشدد کا نشانہ بنانے اور جھوٹا بیان ریکارڈ کروانے کا واقعہ سامنے آ گیا۔
واقعہ عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں تعینات اہلکاروں نے چیکنگ کے بہانے طالب علم کو روکا، مارپیٹ کی اور اسے جعلی ڈاکو قرار دے کر اسلحہ تھما دیا۔ اہلکاروں نے طالب علم سے موبائل فون سے جھوٹا بیان ریکارڈ کروایا اور پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیاں دیں۔
متاثرہ طالب علم کے مطابق اہلکاروں نے اس سے 5 ہزار روپے نقدی، قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون چھین لیا، جبکہ 2 لاکھ روپے کا تقاضا بھی کیا۔ رقم نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ اہلکاروں نے موبائل فون پر طالب علم کے والد سے بھی بات کی اور رقم مانگی۔
بعد ازاں اہلکاروں نے طالب علم کو دھمکاتے ہوئے چھوڑ دیا اور خبردار کیا کہ اگر کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
واقعے کا علم ہونے پر ایس پی گلشن نے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔