کراچی میں ایک جانب شدید گرمی کی لہر جاری ہے تو دوسری جانب بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس سے روزمرہ زندگی اور روزگار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ دن کو سکون میسر ہے، نہ رات کو آرام اور ان تمام مشکلات کے باوجود بھاری بھرکم بجلی کے بل موصول ہو رہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی ”فالٹ“ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے، جس پر عوام شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
کراچی: شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ، شہریوں کی زندگی اجیرن
گنجان آباد علاقوں میں بچے، بزرگ اور مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں گلبہار، گولیمار، رضویہ سوسائٹی، ناظم آباد، لیاقت آباد، بفرزون، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، ملیر، لانڈھی، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا شامل ہیں جہاں وقت بے وقت بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
شدید گرمی اور بجلی کی قلت کے باعث اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز میں بھی معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔