کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 8 سی میں ایک دفتر سے 40 سالہ شخص ویلسن مسیح کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ویلسن مسیح ایک نجی کمپنی میں سوئیپرز کا انچارج تھا اور کئی دفاتر کے صفائی امور کی نگرانی کرتا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ویلسن مسیح مالی مشکلات کا شکار تھا اور اپنے ساتھیوں سے بھاری قرضے لے چکا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ساتھی اسٹاف کے بیانات کی روشنی میں اندازہ ہوتا ہے کہ ویلسن نے ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کی ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی کا تعلق بلدیہ 8 بی کے کرسچن محلے سے تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ہر ممکن پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمی یا سازش کا پہلو سامنے آئے تو اسے بے نقاب کیا جا سکے۔
لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔