Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2025 03:33pm

لوڈو کھیلتے ہوئے جھگڑا، 10 سالہ بچے نے دوست کی جان لے لی

کراچی: سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں بچوں کا جھگڑا، 10 سالہ بچے نے دوست کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا

کراچی: سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں بچوں کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک 10 سالہ بچے نے اپنے دوست کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت بارہ سالہ ابوبکر کے نام سے ہوئی، جو جنجال گوٹھ کا رہائشی اور ایک مدرسے کا طالب علم تھا۔

لواحقین کے مطابق، ابوبکر اور علی اختر چھٹی کے دن گلی میں کھیل رہے تھے، جہاں کسی بات پر دونوں بچوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ طیش میں آکر علی اختر نے تیز دھار آلے سے ابوبکر کو قتل کر دیا۔ مقتول ابوبکر چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، اور اس کے والد مزدوری کرکے گھر کا پیٹ پالتے ہیں۔ لواحقین نے انصاف کی اپیل کی ہے۔

سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کم عمر قاتل کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت 10 سالہ علی اختر کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق، بچے لیڈو گیم کھیلتے ہوئے جھگڑے میں ملوث ہوئے تھے۔ اس سے پہلے بھی علی اختر مختلف افراد سے جھگڑ چکا تھا اور علاقے کے لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ دیگر جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔

پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے اس سنگین واقعے کے سلسلے میں مزید تفصیلات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Read Comments