Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2025 11:19pm

پہلگام واقعے کی تحقیقات یورپی اور پڑوسی ممالک سے کروا لیں، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے آفر ہے کہ پہلگام واقعے کی بالکل تحقیقات کرائیں اور ان تحقیقات میں یورپی ممالک اور پڑوسی ممالک کے لوگ شامل کر لیں۔مودی پرانا وارداتیہ ہے، ووٹ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ، مودی نے انتہا پسند ہندوؤں سے ووٹ لینے کی خاطر 22 سو مسلمانوں کو قتل کیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آفرکی ہے کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں کہ انٹر نیشنل کمیونٹی پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جو کہہ رہا ہے اس کی کریڈیبلٹی کو چیک کریں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی تقریرجامع تھی۔ وزیراعظم نے تمام تر چیزیں اپنی تقریر میں ایڈریس کی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت اور مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی ایک ”پرانا وارداتیہ“ ہے جو صرف ووٹ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ ہر2، 4 سال بعد وہ اس طرح کی کہانیاں گھڑتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نے 2200 مسلمانوں کو قتل کرایا تاکہ انتہا پسند ہندوؤں سے ووٹ حاصل کر سکے۔ وزیردفاع نے بھارت کو چیلنج کیا کہ وہ تحقیقات کے لیے کوئی بھی پینل تشکیل دے، چاہے تو یورپی ممالک کو شامل کرے، بھارت اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

پاکستان نے بھارت کیخلاف ایٹم بم چلانے کی وارننگ دے دی

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت میڈیا اور تقاریر میں الزام لگا رہا ہے، مگر تحریری طور پر ابھی تک کوئی الزام نہیں لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ بھارت کا بیانیہ کمزور پڑتا جا رہا ہے اور پلوامہ واقعے کے بعد فالس فلیگ آپریشن کے بارے میں کئی قابلِ اعتبار آوازیں آئی ہیں۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے اپنی کارروائیوں اور الزامات میں کوئی ٹھوس شواہد نہیں دیے، اور اس کے بیانیے کی ساکھ مزید تار تار ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ چین، امریکا، برطانیہ کے علاوہ سلامتی کونسل کے ممبر ممالک کو بھی اس کے حل کے لیے دعوت دی جا سکتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چین کا اس معاملے میں کردار بہت اہم ہے، چین دونوں ممالک کا ہمسایہ ہے، کشمیر کے ایک حصے پر بھارت نے قبضہ کیا ہوا ہے، کشمیر کا مسئلہ برطانیہ کا دیا گیا ورثہ ہے، انہیں بھی دعوت دی جا سکتی ہے کہ یہ فراڈ ہو رہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی عوام ہی اپنے وزیراعظم پر اعتبار نہیں کر رہی، نریندر مودی نے جو کیا اس کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں ہے ، ہم تو خیر دشمن ہیں لیکن بھارت کی عوام ہی مودی پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ بھارت واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کینیڈا اور امریکا تک ایکسپورٹ کی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی جارحیت کے لیے بالکل تیار ہیں، ہم 100 نہیں بلکہ 200 فیصد تیار ہیں، ہم اپنے ملک کے ذرے ذرے کا دفاع کریں گے اور اس کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں، ہمارے کوئی جارہانہ عزائم نہیں ہیں ، لیکن اگر جارحیت ہوئی تو دفاع کرنا پڑے گا۔

Read Comments