وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ نشانہ اور پہلگام واقعہ بہانہ ہے۔ بھارت نے 2014 میں بہار میں دھماکے کرائے، بھارت نے 2019 میں پلواما کا ڈرامہ رچایا، بھارت نے امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا میں سکھوں پربھی حملے کرائے۔ آپ ہمارا پانی بند کریں تو ہم آپ کی سانس بند کردیں گے۔ ایٹمی ہتھیار شوکیس میں سجانے کے لیے نہیں رکھے۔
راولپنڈی میں وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک لاکھ سے زائد کشمیروں کا قاتل ہے، بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں مودی کا ہاتھ ہے، بھارت اور اسرائیل دونوں دہشتگرد ملک ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت برما، انگلینڈ ، کینیڈا اور امریکا میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے، مودی نے بھارت کا چہرہ مسخ کر دیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانیں قربان کی، پاکستان میں دہشت گردی کے ہر واقعہ کے پیچھے بھارت ہے۔
بی ایل اے اور ”را“ 2 نہیں ایک ہی ہیں، محسن نقوی
وزیر ریلوے نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ مودی سرکار نے بھارت کا بیڑا غرق کر دیا ہے، بھارتی عوام کو مودی سرکار سے ہوشیاررہنا چاہئے، 1500 سے زائد کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا گیا۔ بھارت جعلی انکاؤنٹر کرتا ہے، جو پاکستانی بھارتی جیل میں تھے انہیں غائب کردیا گیا، پندرہ سو سے زائد کشمیروں کو مختلف یونیورسٹیوں سے اٹھایا گیا۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ جیلوں میں قید مسلمانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے، بھارت نے 2014 میں بہار میں دھماکے کرائے، بھارت نے 2019 میں پلواما کا ڈرامہ رچایا اور منہ کی کھائی، بھارتی پائلٹ ابھی نندن پاکستان میں گرفتار ہوا۔
بی بی سی نے پہلگام حملے پر بھارت کا بڑا جھوٹ پکڑ لیا
حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوا تو بھارت نے پروپیگنڈا شروع کر دیا، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی املاک پر قبضے ہو رہے ہیں، سندھ طاس معاہدہ نشانہ اور پہلگام واقعہ بہانہ ہے۔ پہلگام واقعہ کا مقصد ہندؤوں کو کشمیر میں لاکر بسانا ہے، 8 لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں دہشتگرد کیسے پہنچ گئے؟
انھوں نے مزید کہا کہ آپ ہمارا پانی بند کریں تو ہم آپ کی سانس بند کردیں گے۔ ایٹمی ہتھیار شوکیس میں سجانے کے لیے نہیں رکھے۔ غوری، شاہین اور غزنوی ہم نے چوکوں پر سجانے کے لیے نہیں رکھے ، ہمارے میزائلوں کا رخ بھارت کی طرف ہے، بھارت نے کوئی مس ایڈوینچر کیا تو اس کے گلے پڑ جائے گا۔
وفاقی وزیرحنیف عباسی نے کہا کہ 1960 میں سند طاس معاہدہ ہوا، معاہدے کے تحت تین دریا ہمیں اور تین دریا بھارت کو ملے، قومی سلامتی کمیٹی نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے، بھارت نے دھمکی دی ہم نے کر دکھایا، دس دن گزرنے دیں بھارتی ائیر لائنز اپنی حکومت کا گریبان پکڑے گی۔