Aaj Logo

شائع 24 اپريل 2025 02:14pm

پہلگام حملے کی آڑ میں بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن، 1500 سے زائد کشمیری گرفتار

بھارت نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک بار پھر ظلم و ستم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے جاری سرچ آپریشنز کے دوران مختلف اضلاع میں گھروں پر چھاپے مار کر 1500 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیدیوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے دھمکیوں، ہراسانی اور تشدد کی شکایات کی ہیں۔ بھارتی فوج، پیرا ملٹری فورسز اور اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG) کے اہلکاروں نے سرینگر، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، شوپیاں، گاندر بل اور بڈگام سمیت متعدد علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتاریاں کیں۔

اسی نوعیت کے آپریشن جموں کے اضلاع میں بھی کیے گئے۔ ادھم پور کے علاقے ڈوڈو-بسنت گڑھ میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ایک بھارتی اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ادھم پور میں مبینہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ”مشتبہ مقام“ پر پہنچنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک فوجی اہلکار مارا گیا۔

دوسری جانب کولگام کے تنگمرگ علاقے میں ایک اور فوجی آپریشن دوسرے دن بھی جاری رہا۔

کشمیری عوام اور انسانی حقوق کے اداروں نے بھارتی فورسز کی ان بلاجواز کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت بین الاقوامی دباؤ سے بچنے کے لیے ایک بار پھر دہشت گردی کے نام پر کشمیریوں کے خلاف ظلم کی نئی لہر چلا رہا ہے۔

Read Comments