Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2025 01:53pm

لاہور ہائیکورٹ نے ایکس کی بندش کیخلاف درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا

لاہور ہائیکورٹ نے ایکس (ٹویٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل پاکستان کو 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی اے اور وفاقی حکومت کے موقف کی وضاحت کے لیے اٹارنی جنرل کو طلب کیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے صحافی شاکر اعوان سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ اس بینچ میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ بھی شامل ہیں۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ’ہمارے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ ایکس استعمال کرنے والے حکومتی اراکین کی کوئی لسٹ مہیا کریں‘۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ پی ٹی اے کی طرف سے اس معاملے پر پہلے ہی رپورٹ جمع کرائی جا چکی ہے، تاہم حکومتی اراکین کے ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔

ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی اے کے موقف میں تضاد پایا جا رہا ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تحریری جواب نہیں آیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس پر ریمارکس دیے کہ ’عدالت میں ون پیج کا تصور نہیں ہوتا، آپ اور عدالت بھی ون پیج پر نہیں ہیں‘۔

عدالت نے مزید ہدایت دی کہ اٹارنی جنرل پاکستان تیاری کے ساتھ پیش ہوں اور تمام قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالیں۔ اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔

Read Comments