Aaj Logo

شائع 01 اپريل 2025 02:07pm

بہاولپور میں 11 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے 4 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

بہاولپور میں 11 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کرکے اسے قتل کرنے والے چاروں ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے، درندہ صفت ملزمان نے چند روز قبل 11سالہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق بہاولپور تھانہ صدر کے علاقے باقر میں چند روز قبل 11 سالہ بچی فضا کو اجمتاعی زیادتی کے بعد بچی کو قتل کرنے کے چاروں ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے جبکہ ملزمان 4 روز سے پولیس حراست میں تھے۔

پولیس کے مطابق پولیس تھانہ صدر ان چاروں ملزمان کو مال مقدمے کی ریکوری کے لیے لے جارہی تھی کہ ملزمان کو پولیس سے چھڑانے کے لیے ان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس نے فائرنگ رکنے کے بعد دیکھا تو چاروں ملزمان ہلاک ہو چکے تھے جبکہ ملزمان کے ساتھی فرار ہوگئے، مارے جانے والے ملزمان میں عمر، انس، کامران اور محمود شامل ہیں۔

پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے کے دوران چاروں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جن میں سے 2 سگے بھائی اور ان کا کزن بھی شامل ہے۔

پولیس نے لاشیں بہاول وکٹوریہ اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔

Read Comments