چین کی جانب سے ”ڈیپ سیک“ کے بعد ایک اور اے آئی ماڈل ”Manus“ (مانوس) متعارف کروایا گیا ہے، جس کا موازنہ جدید ترین ”agentic“ ماڈلز سے کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ اے آئی سسٹمز ہیں جو خود مختاری کے ساتھ مختلف کام سرانجام دے سکتے ہیں، جیسا کہ اوپن اے آئی، گوگل اور اینتھروپک نے تیار کیے ہیں۔ مانوس اتنا مؤثر ثابت ہو رہا ہے کہ جن لوگوں نے اسے آزمایا ہے، وہ اسے ایک عمومی اے آئی تصور کر رہے ہیں جو بغیر کسی انسانی نگرانی کے کام مکمل کر سکتا ہے۔
چینی اسٹارٹ اپ ”مونیکا“ (Monica) نے مانوس کو ایک ایسے اے آئی ایجنٹ کے طور پر متعارف کروایا ہے جو ”ذہن اور عمل کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے: یہ صرف سوچتا نہیں، بلکہ نتائج بھی فراہم کرتا ہے۔“ اس کے تخلیق کاروں کے مطابق، یہ اے آئی ایجنٹ خود مختاری کے ساتھ سوچنے، منصوبہ بندی کرنے اور عملی طور پر مختلف حقیقی دنیا کے کام سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چاہے وہ ویب سائٹ بنانا ہو، سفر کی منصوبہ بندی ہو یا اسٹاک مارکیٹ کا تجزیہ، مانوس سب کچھ انجام دے سکتا ہے—بس اسے ایک ہدایت (prompt) دیں۔
مانوس کو 6 مارچ کو لانچ کیا گیا، اور چند دنوں میں ہی اس نے عالمی سطح پر دھوم مچا دی۔ کئی ماہرین اس کا موازنہ ”ڈیپ سیک“ کے آر ون ماڈل سے کر رہے ہیں۔ اس کے تخلیق کاروں کے مطابق، مانوس نے ”جی اے آئی آے“ بینچ مارک پر اوپن اے آئی کے ڈیپ ریسرچ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مانوس کو ایک عمومی اے آئی ایجنٹ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو مختلف شعبوں میں پیچیدہ کام انجام دے سکتا ہے۔ عام اے آئی چیٹ بوٹس کے برعکس، یہ مکمل طور پر خود مختار نظام ہے جو کام کی منصوبہ بندی، عمل درآمد اور حتمی نتائج کی تکمیل کرسکتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کسی صارف نے ”عالمی درجہ حرارت میں اضافے پر ایک رپورٹ تیار کرنے“ کا کہا، تو مانوس خود سے تحقیق کرے گا، رپورٹ مکمل طور پر تحریر کرے گا، چارٹس اور انٹرایکٹو عناصر بنانے کے لیے کوڈ لکھے گا، اور پھر تمام مواد کو ترتیب دے کر پیش کرے گا — بغیر کسی اضافی ہدایت کے۔
یہ اے آئی سسٹم صرف ایک صارف کے سوال پر تفصیلی سفری منصوبہ، انٹرایکٹو کورس، یا کسی صنعت پر تحقیقی تجزیہ بھی فراہم کر سکتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ڈیمو ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ ماڈل حقیقی وقت میں ڈیٹا اکٹھا کرنے، ماحول سے تعامل کرنے اور کام سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خود مختار کام کی انجام دہی
حقیقی وقت میں تعامل اور کام کی نمائش
ذاتی نوعیت کا تجربہ
پس منظر میں کام کرنے کی صلاحیت
محض متن نہیں، مکمل ڈیجیٹل آؤٹ پٹ
فی الحال مانوس صرف دعوت نامے پر دستیاب ویب پریویو کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ چینی کمپنی نے ابھی تک اس کے عوامی اجرا کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، لیکن مسلسل بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ یہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوجائے گا۔ کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ مہینوں میں وہ اس ماڈل کو اوپن سورس کر دے گی تاکہ ڈویلپرز اسے اپنے منصوبوں میں استعمال کر سکیں۔
مانوس کا استعمال جیٹ جی پی ٹی یا جی روک جیسے اے آئی پلیٹ فارمز کی طرح ہے۔