بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ للت پٹیدار نے دنیا کے سب سے زیادہ بالوں والے مردانہ چہرے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ (جی ڈبلیو آر) اپنے نام کر لیا ہے۔ ان کے چہرے پر فی مربع سینٹی میٹر 201.72 بال ہیں، اور 95 فیصد سے زیادہ چہرہ بالوں سے ڈھکا ہوا ہے۔
للت ایک نایاب طبی حالت ”ہائپر ٹرائکوسس“ یا ”ویروولف سنڈروم“ میں مبتلا ہیں، جو قرونِ وسطیٰ کے بعد سے اب تک صرف 50 افراد میں پائی گئی ہے۔
اپنی اس منفرد حالت کے باعث انہیں بچپن سے ہی کئی چیلنجز کا سامنا رہا۔ اسکول کے ابتدائی دنوں میں دوسرے بچے ان سے خوفزدہ ہوتے تھے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ہم جماعتوں نے ان سے دوستی کر لی۔
انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو میں کہا، ’پہلے بچے مجھ سے ڈرتے تھے، لیکن جب وہ مجھ سے بات کرنے لگے تو انہیں احساس ہوا کہ میں ان ہی کی طرح ہوں۔ بس میرا چہرہ دوسروں سے مختلف ہے۔‘
کیا آپ جانتے ہیں مسلمانوں نے ’ڈریکولا‘ کو مارا تھا؟
للت نے معاشرے کی سوچ کو اپنی پہچان پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔ وہ اپنی انفرادیت کو فخر سے اپناتے ہیں اور روزمرہ زندگی کے لمحات شیئر کرنے کے لیے ایک یوٹیوب چینل بھی چلاتے ہیں۔
انہوں نے اٹلی کے شہر میلان کا دورہ کیا، جہاں ”لو شو دی ریکارڈ“ پروگرام میں ایک ماہر نے ان کے چہرے کے بالوں کی باضابطہ پیمائش کی جو کہ 201.72 فی مربع سینٹی میٹر تھی۔
ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا، ’میں بےحد خوش ہوں، میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں کیونکہ یہ میرے لیے ایک بہت بڑی پہچان ہے۔‘
اگرچہ بہت سے لوگ ان سے اچھے برتاؤ کرتے ہیں، لیکن انہیں بعض اوقات تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کئی افراد نے انہیں چہرے کے بال ہٹانے کا مشورہ دیا، مگر وہ اپنی شناخت پر قائم ہیں۔
ان کا کہنا ہے، ’مجھے اپنی موجودہ حالت پسند ہے، اور میں اپنی شکل تبدیل نہیں کرنا چاہتا۔‘
للت اپنے خاندان اور دوستوں کے تعاون سے زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا خواب ہے کہ وہ دنیا کا سفر کریں اور مختلف ثقافتوں کا تجربہ حاصل کریں۔