Aaj Logo

شائع 04 مارچ 2025 09:38am

فیکٹ چیک: امریکی امداد کیلئے یوکرین جنگ کے جعلی مناظر بنانے کا دعویٰ بے بنیاد نکلا

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یوکرینی فوجی جعلی جنگی مناظر تیار کر رہے ہیں تاکہ امریکہ سے مزید مالی مدد حاصل کی جا سکے۔ تاہم، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو درحقیقت ایک میوزک ویڈیو کے ”بیہائنڈ دا سین“ (پس پردہ مناظر) کی ہے، جسے یوکرینی فنکاروں میشا اسکارپین اور ویٹیسک نے بنایا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ ایک تلخ مکالمہ کیا، جس پر عالمی سطح پر حیرت کا اظہار کیا گیا۔ ٹرمپ پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ، صدر جو بائیڈن کی قیادت میں، یوکرین پر 300 ارب ڈالر سے زائد خرچ کر چکا ہے۔

اس تناظر میں، ایک ویڈیو منظرعام پر آئی، جس میں ایک خاتون فوجی کو جنگی حالات میں میک اپ کرتے دکھایا گیا، اور دعویٰ کیا گیا کہ یوکرین جنگ کے جعلی مناظر بنا کر امریکہ سے مالی مدد حاصل کر رہا ہے۔

حقیقت کیا ہے؟

یہ ویڈیو دراصل ایک میوزک ویڈیو کے مناظر کی ہے، جو ”برادرز“ نامی گانے کے لیے فلمائی گئی۔ یہ ویڈیو یوٹیوب پر 25 فروری کو اپلوڈ کی گئی تھی اور اس میں یوکرینی فوجیوں کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا۔

تحقیقات کے نتائج

ویڈیو کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ خاتون فوجی، جو وائرل کلپ میں نظر آ رہی ہے، وہی خاتون میوزک ویڈیو میں بھی موجود تھیں۔

ویٹیسک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی 25 فروری کو ایک اسٹوری پوسٹ کی گئی، جس میں واضح کیا گیا کہ وائرل ویڈیو کے دعوے غلط ہیں۔

ماضی میں بھی یوکرین کے خلاف اس نوعیت کے جعلی دعوے کیے جا چکے ہیں، جنہیں فیکٹ چیکرز نے غلط ثابت کیا تھا۔

فیکٹ چیک کا نتیجہ

یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یوکرینی فوجیوں کی جعلی جنگی مناظر بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ وائرل ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ ایک میوزک ویڈیو کا حصہ ہے۔

Read Comments