وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح ایک سال میں 23 فیصد سے کم ہوکر 1.5 فیصد پرآئی ہے، پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ معاشی بحالی میں آرمی چیف کا کردار اہم ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ کہہ رہے تھے کہ ملکی معیشت نہیں سنبھلے گی، کچھ جماعتیں ملک کےخلاف آئی ایم ایف کوخط لکھ رہے تھے۔ آرمی چیف نے ملکی معیشت کی بحالی میں کردارادا کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے رمضان پیکج کا اعلان کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کل چار مارچ کو ن لیگ کی حکومت کوایک سال ہوجائے گا، ہم نے مشکل فیصلے ملک کے مفاد میں کیے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملکی بہتری کے لیے فیصلے کیے گئے۔ مختلف ممالک کے سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ آذربائیجان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، ہم نے ریاست کے لیے اپنی سیاست کو قربان کیا۔ سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد بڑھ رہا ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آج مہنگائی کم ترین سطح پرہے، مہنگائی کی شرح ایک سال میں 23 فیصد سے کم ہوکر 1.5 فیصد پرآئی ہے، پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے میچز ہو رہے ہیں، پاکستان میں ایک بارپھرکھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد بڑھ رہا ہے، معاشی بحالی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دورمیں پاکستان خارجہ محاذ پرتنہائی کا شکارتھا، پاکستان کی ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے آج خود انتشار کا شکار ہیں، عوام کو جلاؤ گھیراؤ کی سیاست میں دلچسپی نہیں، بہتان اور نعرے بازی کوئی نہیں چاہتا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، کامیاب پالیسیوں کی بدولت معیشت کےتمام اشارے مثبت ہیں۔ وزیراعظم حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔