Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2025 09:07am

دوبارہ 12 اکتوبرمسلط نہ ہوا تو دوسال میں معاشی بحران سے چھٹکارا پالیں گے، رانا ثناءاللہ

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد پر آ گئی ہے۔

فیصل آباد میں اقلیتی برادری میں مینارٹی کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ک ہم سب پاکستانی ہیں، ملک کا آئین سب کو برابر کے حقوق دیتا ہے، اقلیت پاکستان میں برابر کے شہری ہیں جبکہ پاکستان کا قانون اور آئین شہریوں میں کوئی فرق روا نہیں رکھتا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کا آئین اور قانون تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے لیکن انتہا پسند عناصر پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں، موجودہ حکومت عام عوام کو سہولت دینا چاہتی ہے، ہمارا کام عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا ہے، ہم نے مہنگائی کو کم کرنا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد پر آگئی ہے، پہلے مہنگائی کی رفتار 38 فیصد تھی، اب دو تین فیصد ہے، مہنگائی کی ایک رفتار ہوتی ہے جس کوحکومت کنٹرول میں رکھتی ہے، ملک میں جب بھی ن لیگ کی حکومت آئی تو ملک نے ترقی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معلوم ہے ان پیسوں سے ساری ضرورتیں پوری نہیں ہوسکتیں تاہم یہ پیسے آپ کے ماہانہ بجٹ میں ایڈجسٹ ضرور ہوسکتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں ہمت کارڈ سمیت دیگر منصوبے شروع کیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر میڈیا کو اشتہار نہ ملیں تو میرے سامنے یہ کھڑے کیمرے گر جائیں اور اگر اشتہارات قانون سے تجاوز کریں پھر ضرور پوچھ گچھ ہونی چاہیئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے اقدام بہت اچھے ہیں، مینارٹی کارڈ، کسان کارڈ، آسان کاروبار، اپنا گھر اپنی چھت اور ہمت کارڈ سب مریم نواز نے دیے، یہ سب کچھ مریم نواز نے عام آدمی کے لیے کیا، کوئی کچھ بھی کہے ہم اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں، مسلم لیگ کو جب بھی خدمت کا موقع ملا ہم نے ملک کی خدمت کی۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف کیسز بنائے گئے، پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں الیکشن میں دھاندلی ہوئی، شہبازشریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، 2018 میں آپ نے دھاندلی کی تھی۔

رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ دوبارہ 12 اکتوبرمسلط نہ ہوا تو دوسال میں معاشی بحران سے چھٹکارا پالیں گے، انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر بھی اکانومی بہتر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد نہ ہوتا توملک ڈیفالٹ کرجاتا، ہم نے ڈیفالٹ کرنےسے بچایا اورآگے بڑھایا ہے۔

Read Comments