ڈیرہ اسماعیل خان کے چہکان فورٹ میں ”البرق ڈویژن“ کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ البرق ڈویژن، میجر جنرل نیک نام محمد بیگ تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کر کے فورٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے نمائندوں کے علاوہ قبائلی عمائدین اور مقامی جرگہ ممبران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ البرق ڈویژن کی آمد سے علاقے میں پائیدار امن قائم ہوگا اور ہم سب کو ایک ٹیم بن کر اس مقصد کے لیے کام کرنا ہوگا۔
میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فتنہ الخوارج، جو قرآن اور اللہ کا نام لے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، دراصل محب وطن شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہماری صفوں میں اتحاد ضروری ہے اور حکومتی رٹ کو ہر صورت میں قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا ہر چپہ ہمیں عزیز ہے اور کسی بھی قیمت پر ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ البرق ڈویژن ضلع ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں میں امن و امان کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اسلام اور جہاد کے نام کا غلط استعمال نہیں کر سکتا اور عوام کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھیں۔
میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے خطاب کے دوران نوجوان نسل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور ملک دشمن قوتیں ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جس کے خلاف ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی، کرپشن، منشیات اور سمگلنگ ہمارے معاشرے کے ناسور ہیں، جن کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، سیکیورٹی ادارے اور عوام نے امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور تمام محب وطن شہری اس جدوجہد میں پاکستان کے سپاہی ہیں۔
آخر میں میجر جنرل نیک نام محمد بیگ نے کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور پاک فوج ہمیشہ ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔