Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 فروری 2025 08:49am

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی اگر مگر کا شکار، کیا کرنا پڑے گا

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اب دوسروں کے نتائج پر منحصر ہوچکی ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف شکست اور پھر بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے ہار کے بعد پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی میں آگے بڑھنا مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم اب بھی تکنیکی طور پر موقع موجود ہے، لیکن اس کے لیے کئی شرائط کا ہورا ہونا ضروری ہے۔

پاکستان کو 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلادیش کے خلاف میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔ لیکن صرف جیت کافی نہیں ہوگی، نیوزی لینڈ کو بھی اپنے دونوں میچز، یعنی پہلے بنگلادیش اور پھر بھارت کے خلاف ہارنا ہوگا۔

بھارتی سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

اگر کیوی ٹیم یہ دونوں میچ ہار جاتی ہے تو بھی فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا، جس کے لیے پاکستان کو بھاری مارجن سے کامیابی درکار ہوگی۔

پاکستانی شائقین کے لیے 26 فروری کو نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان میچ نہایت اہم ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں شاہین تمام شعبوں میں فلاپ ہوگئے

اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیت جاتا ہے یا بارش کے باعث میچ بے نتیجہ رہتا ہے تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔ تاہم، اگر بنگلادیش نیوزی لینڈ کو شکست دیتا ہے، تو پاکستان کی امیدیں زندہ رہیں گی اور بنگلادیش کے خلاف میچ فیصلہ کن اہمیت اختیار کر جائے گا۔

بابر اعظم کے آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں 1000 رنز مکمل

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو مارچ کو ہونے والا میچ بھی سیمی فائنل کی صورتحال پر اثر ڈال سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے، اور 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں اس ٹائٹل کو اپنے نام کر چکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قسمت پاکستان کا ساتھ دیتی ہے یا نہیں۔

Read Comments