Aaj Logo

شائع 06 فروری 2025 03:46pm

رجب بٹ کا حرا مانی کے ساتھ نیا گانا سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا

پاکستانی یوٹیوبر اور ولاگر رجب بٹ اور اداکارہ حرا مانی کا نیا گانا ”اوور یو“ ریلیز کر دیا گیا۔

یوٹیوبر رجب بٹ جو گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا کی خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے گانے کی ویڈیو میں جلوہ گر ہو کر ایک بار پھر مقبولیت کی بلندیوں کو پہنچ گئے۔

رجب بٹ پاکستان شوبز کی معروف ادا اداکارہ حرا مانی کے ہمراہ نظر آئے، ساتھ ہی گانے کی ویڈیو میں موجود گلوکار حمزہ ملک نے ہی گایا ہے جب کہ وہ گانے کے شریک کمپوزر اور رائٹر بھی ہیں۔

دونوں کے گانے کے پوسٹر کو ایک ہفتہ قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا جب کہ دونوں کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔

گانے کو 5 فروری کی رات کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی جب کہ گانا یوٹیوب میوزک پر بھی ٹاپ ٹرینڈ پر آگیا۔

میوزک ویڈیو میں رجب بٹ اور گلوکار حمزہ ملک ایک گینگسٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ حرا مانی کو بطور ڈانسر دکھایا گیا ہے جنہیں رجب بٹ نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ویڈیو میں دوستی کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے۔ گانے کے ریلیز ہونے سے قبل ہی اس گانے کے چرچے ہونا شروع ہوگئے تھے۔

گانے کی ویڈیو میں حرا مانی کو بطور ڈانسر دکھایا گیا ہے جو کہ رجب بٹ اور حمزہ ملک کے سامنے رقص کرکے انہیں محظوظ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

گانے کو ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی 26 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا جب کہ گانے کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر بھی خوب شیئر کیا گیا۔

’اوور یو‘ ریلیز ہونے سے رجب بٹ ایک ماڈل بھی بن چکے ہیں جب کہ ان کا شمار پاکستان کے سب سے مقبول ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے، انہیں گوگل نے 2024 میں پاکستان کے سب سے مقبول ترین یوٹیوبرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا تھا۔

Read Comments