Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 فروری 2025 08:10pm

کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز موت بانٹنے لگے، چند گھنٹوں میں 6 افراد جاں بحق

کراچی میں ایک بار پھر تیز رفتار ڈمپرز موت بانٹنے لگے، چند گھنٹوں میں 2 خواتین اور 3 مرد اور ایک بچہ ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے، لانڈھی میں ٹرین کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی والے کب تک سڑکوں پر مرتے رہیں گے؟ اس کا جواب دینے والا کوئی نہیں، گزشتہ چند گھنٹوں میں 2 خواتین اور 2 مرد ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے۔

راشد منہاس روڈ ڈالمیا ملینیم مال کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کو کچل دیا، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق مرد و خاتون میاں بیوی تھے، جبکہ تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، زخمی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی میں ٹریفک حادثات میں کمی نہ آسکی، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

سعود آباد کے علاقے میں تیز رفتار شہزور ٹرک کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوگئی، لانڈھی میں ٹرین کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی میں گھر میں پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ گولی چلنے سے باپ بیٹا زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی : ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 4 افراد جاں بحق

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد بلاک پی میں پیٹرول پمپ کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے عدنان نامی شخص زخمی ہوگیا، پولیس نے بتایا کہ زخمی کا ذہنی توازن درست نہیں۔

پولیس کے مطابق عدنان نے پیٹرول پمپ کے قریب تعینات سیکیورٹی گارڈ شفیع اللّٰہ کو پتھر مارا جس کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے طیش میں آ کر اسے گولی مار دی۔

پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتارکرکے اسلحہ ضبط کرلیا، جبکہ زخمی عدنان کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Read Comments