Aaj Logo

شائع 05 فروری 2025 09:38am

پاراچنار میں فریقین کے بنکرز کی مسماری کا عمل جاری، آج گاڑیوں کے قافلے کی روانگی کا امکان

پاراچنار میں فریقین کے بنکرز کو مسمار کرنے کا عمل جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 30 سے زائد بنکرز کو تباہ کیا جا چکا ہے، جبکہ حساس مقامات پر مزید 250 سے زائد بنکرز موجود ہیں۔ ساتھ ہی آج ٹل سے پاراچنار گاڑیوں کے قافلے کی روانگی کا امکان بھی ہے

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کے قریب واقع دیہات گیدو اور پیواڑ میں بھی بنکرز مسمار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ان میں سے دو بنکرز کو تباہ کر دیا گیا جبکہ پہاڑوں پر قائم بنکرز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑایا جا رہا ہے۔

ٹل سے پاراچنار گاڑیوں کے قافلے کی روانگی کا امکان

پاراچنار کے تاجروں کے مطابق آج ٹل سے پاراچنار گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران مسافروں، طلبہ اور مریضوں کو پاراچنار، پشاور اور ہنگو سے لانے اور لے جانے کے لیے بھی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ جرگہ ممبر سید رضا حسین نے مطالبہ کیا کہ محصور طلبہ اور مسافروں کی بحفاظت منتقلی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔

کشیدگی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فریقین کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور امن و امان کی بحالی کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں بنکرز کی مسماری بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں موجود بنکرز کو مکمل طور پر ختم کرنے تک کارروائی جاری رہے گی۔

مقامی ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے میں معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

Read Comments