Aaj Logo

شائع 30 جنوری 2025 02:44pm

غزہ جنگ بندی معاہدہ، حماس نے ایک اور اسرائیلی خاتون فوجی اہلکار کو رہا کردیا

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید ایک اسرائیلی یرغمالی خاتون فوجی کو رہا کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگم برگر نامی خاتون اسرائیلی فوجی اہلکار کو جبالیہ میں شہید رہنما یحییٰ سنوار کے گھر کے قریب رہا کیا گیا۔

حماس نے انہیں ریڈ کراس کے حوالے کیا، جو انہیں اسرائیلی حکام تک پہنچانے کا بندوبست کرے گی۔

یہ رہائی جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے، جس کے تحت آج 110 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے 8 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جانا ہے۔

امریکا کا حماس کےتمام ہمدردطلبہ کےویزے منسوخ کرنے کا فیصلہ

یہ پیش رفت اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ایک اور کوشش سمجھی جا رہی ہے، جس کے تحت قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

واضح رہے اس سے قبل معاہدے کے دوسرے تبادلے میں حماس نے 4 اسرائیلی خواتین فوجی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا جب کہ اسرائیل نے زیر حراست 200 فلسطینی شہریوں کو رہا کیا تھا۔

رہا کی گئیں فوجی یرغمالی خواتین کے نام کارینا اریئیو، ڈینیئلا گلبوہ، نعما لیوی، اور لیری الباگ ہیں اور یہ سب ایک ہی فوجی یونٹ کی رکن تھیں، 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے وقت یہ چاروں اسرائیلی فوج کی خواتین سپاہی غزہ کے قریب تعینات تھیں۔

Read Comments