یونان کے شہر تھیسالونیکی کے قریب ایک کوڑے کے تھیلے سے خاتون کا 2000 سال پرانا سنگ مرمر کا مجسمہ برآمد ہوا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق ایک مقامی رہائشی کو نوئی ایپیویٹس نامی علاقے میں ایک ڈبے کے پاس ٹھوکر لگی جب اس نے دیکھا تو وہ 31 انچ کا مجسمہ تھا، حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا کہ مجسمے کو کس نے ضائع کیا اور پوچھ گچھ کے لیے ایک شخص کو حراست میں لے لیا جسے تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مجسمہ ہیلینسٹک دور 320-30 قبل مسیح سے تعلق رکھتا ہے، جو سکندر اعظم کی فتوحات کے بعد اہم فنکارانہ اور ثقافتی ترقی کا وقت تھا۔
یونان میں حادثاتی آثار قدیمہ کی دریافتیں نسبتاً عام ہیں، یہ ملک اپنے قدیم ورثے کے لیے مشہور ہے اور اکثر ایسی دریافتیں عمارتوں کی تعمیر یا عوامی کاموں کے دوران ہو جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ 2013 میں کاؤنٹی ڈرہم میں ایک قدیم کچرے کے ڈھیر سے رومن دیوتا کا 1,800 سال پرانا نقش شدہ پتھر کا سر ملا تھا۔