ملتان اسٹیڈیم میں نوبیاہتا جوڑا ولیمے کے روز میچ انجوائے کرنے پہنچ گیا، شائقین حیران رہ گئے
تفصیلات کے مطابق ولیمے کے دن ایک نیا اور دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا جب ایک نوبیاہتا جوڑا پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ میچ کا لطف اٹھانے اسٹیڈیم پہنچ گیا، جسے شائقین دیکھ کر حیران رہ گئے۔
دلہن کی فرمائش پر دولہا ارسلان اور اس کی دلہن جو کہ بابراعظم کی بڑی مداح ہیں، اپنے ولیمے کے روز مہمانوں کو چھوڑ کر اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلئے پہنچ گئے۔
دلہن کی خواہش تھی کہ وہ اپنے پسندیدہ کرکٹر بابراعظم کو کھیلتے ہوئے دیکھیں، جس پر دولہا ارسلان نے فوراً اس خواہش کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا۔
نوبیاہتا جوڑا میچ کے دوران نہایت خوشگوار موڈ میں نظر آیا، میڈیا سے مزے مزے کی باتیں اور میچ کا خوب مزہ لیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا اور لوگوں نے نوبیاہتا جوڑے کے کرکٹ کے جذبے کو سراہا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلہن نے کہا کہ میں نے کبھی لائیو میچ نہیں دیکھا، اس لیے شوہر سے لائیو میچ دیکھنے کی فرمائش کی تھی جو انہوں نے پوری کردی۔ اس موقع پر دُلہا نے کہا کہ آج ہمارا ولیمہ ہے، دعاگو ہوں اللہ پاکستان کو فتح دلوائے۔