Aaj Logo

شائع 23 جنوری 2025 11:20am

سیف علی خان ڈسچارج، بھارتی سیاستدان نے ویڈیو دیکھ کر حملہ ’ناٹک‘ قرار دے دیا

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کے وزیر نتیش رانے نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حالیہ حملے کے حوالے سے شک کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہ واقعہ حقیقی تھا یا 54 سالہ اداکار صرف اداکاری کررہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق، سیف علی خان کو 16 جنوری کو ایک مبینہ بنگلہ دیشی شہری محمد شریف الاسلام شہزاد نے مبینہ طور پر اس وقت چاقو مارا، جب وہ چوری کی نیت سے اداکار کے گھر میں داخل ہوا تھا۔ اس واقعے کے پانچ دن بعد سیف کو لیلاوتی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

نتیش رانے کا بیان

پونے میں ایک تقریب کے دوران رانے نے کہا، ’جب میں نے سیف کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد دیکھا، تو مجھے شک ہوا کہ کیا وہ واقعی زخمی تھے یا صرف اداکاری کر رہے تھے۔‘

امیتابھ انڈسٹری چھوڑ کر کیا کرنے جا رہے تھے؟ زندگی کا یادگار لمحہ بتا دیا

رانے نے حزب اختلاف کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ان اداکاروں کی فکر کرتے ہیں جب ’کوئی خان مشکل میں ہو‘۔

انہوں نے این سی پی لیڈر جتیندر اوہاد اور سپریہ سولے پر سوال اٹھایا کہ وہ بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے کیوں آواز نہیں اٹھاتے۔

انہوں نے کہا، ’سپریہ سولے سیف علی خان، شاہ رخ خان کے بیٹے اور این سی پی لیڈر نواب ملک کے بارے میں فکر مند ہیں۔ کیا آپ نے کبھی انہیں کسی ہندو فنکار کے بارے میں فکر مند ہوتے سنا ہے؟‘

رپورٹس کے مطابق، حملہ آور سیف علی خان کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا۔ ایک ملازم نے اداکار کے چھوٹے بیٹے جیہ کے کمرے میں گھسنے والے کو دیکھا اور خطرے کی گھنٹی بجائی۔ اس دوران سیف نے حملہ آور کا سامنا کیا اور جھگڑے میں انہیں متعدد بار چاقو مارا گیا، جس میں ایک نہایت گہرا زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ فوری طور پر سرجری کے ذریعے سیف کو بچا لیا گیا۔

نتیش رانے نے اس واقعے کو بنگلہ دیشی شہریوں کی غیر قانونی موجودگی سے بھی جوڑا اور کہا کہ ’پہلے وہ بندرگاہوں پر تھے، لیکن اب وہ گھروں تک پہنچ گئے ہیں۔‘ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حملہ اداکار کو نقصان پہنچانے یا انہیں اغوا کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر بحث

یہ واقعہ اور نتیش رانے کے بیانات سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے ہیں۔ کچھ لوگوں نے ان کے بیانات کو حساس مسئلے پر سیاست قرار دیا، جب کہ دیگر نے حملہ آور کی غیر قانونی حیثیت پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

سیف علی خان کے سیکیورٹی گارڈز سو رہے تھے جب حملہ آور ان کے گھر میں داخل ہوا

سیف علی خان اس وقت گھر پر صحت یابی کے مراحل میں ہیں، لیکن اس واقعے نے سیکیورٹی خدشات اور سیاسی تنازعات کو جنم دے دیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، جب کہ سیاسی بیانات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

Read Comments