وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا تھا، ن لیگ کی حکومت آنے سے ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے، دنیا بھر میں پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی تعریف کی جارہی ہے، الیکشن میں جو وعدے کیے وہ آج پورے ہو رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ملکی معیشت اب استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا تھا، بند لفافے کی منظوری کرا کے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، 25 کروڑ کا گھر بنایا گیا، ہیرے کی انگوٹھیاں لی گئیں۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں جس سے پیسہ لیا، اُسی کو واپس کردیا، عطا تارڑ
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس روز بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوئی، اسٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹس اوپر گئی، پی ٹی آئی نے سیاست کو زہر آلود کیا، یہ کہیں بھی چلے جائیں، ان کے پاس 190ملین پاؤنڈ کا جواب نہیں، اپنا جرم چھپانے کیلئے مذہبی کارڈ استعمال کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے جب سے سیاست شروع کی ہے تب سے یہ پوچھ رہا ہوں کہ عمران خان کا ذریعہ آمدن کیا ہے، ان کے پاس کون سی آمدنی آرہی تھی جس سے یہ 25 کروڑ کا گھر بنایا گیا یا فرحت شہزادی کو لے کر دی گئی۔
190 ملین پاؤنڈ کیس وہ گڑھا ہے جو بانی پی ٹی آئی نے کسی اور کیلئے کھودا اور خود گرگئے، مریم اورنگزیب
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی کو 200 کنال کی زمین کس نے دی اور کہاں سے آئی؟ دراصل یہ اس چیز کی رشوت تھی جو این سی اے نے پیسہ پاکستان کو دیا لیکن عمران خان اور ان کی اہلیہ نے یہ پیسہ ان ہی کے حوالے کردیا جس سے ضبط کیا گیا تھا، یہ تقریباً 80 سے 90 ارب کا گھپلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ان لوگوں کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں تھا تو کہہ دیا گیا کہ سیرت پر چلنے کی سزا دی گئی، القادر کی زمین خریدی گئی اور اس اکاؤنٹ میں 28 کروڑ روپے گیا، میاں بیوی نے ایک ٹرسٹ بنایا اور اب کہہ رہے ہیں کہ وہاں پر سیرت کی کلاسیں پڑھائی جارہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حالانکہ وہاں پر کارٹون دکھائے جارہے تھے، بچے کارٹون دیکھ رہے ہیں، کوئی کھیل رہا ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہاں پر کون سی دینی تعلیم دی جارہی تھی، ہر بات میں آپ مذہب کو لے آتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر چیز میں مذہب کو لانا بند کریں، کیا آپ ساری عمر مذہب کی تبلیغ کرتے رہے ہیں، کیا جب آپ کرکٹ کھیلتے تھے تو وہاں مذہب کی تبلیغ کرتے تھے، آپ کے خلاف بیرون ملک سے جتننے فیصلے آئے وہ مذہب پر بات کرنے کی پاداش میں آئے، سیاست ہوتی رہے گی لیکن دین اور مذہب کا نام نہ لیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بالترتیب 14 سال اور 7 سال کی سزائیں سنائی ہیں، بانی پر 10 لاکھ اور اہلیہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرنیوالی احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا تھا، جس میں کہا گیا کہ وکلائے صفائی استغاثہ کی شہادتوں کو جھٹلا نہیں سکے، استغاثہ کا مقدمہ دستاویزی شہادتوں پر تھا، جو درست ثابت ہوئیں۔