Aaj Logo

شائع 18 جنوری 2025 12:52pm

کل کے فیصلے نے عمران خان کی صداقت و امانت کے پرخچے اڑا دیے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کے کل کے فیصلے نے عمران خان کی صداقت و امانت کے پرخچے اڑا دیے ہیں۔

ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس کیس کو بار بار مؤخر کیا جاتا رہا، نیب کے وکیل کو جرح مکمل کرنے کے لیے 35 سماعتیں کرنا پڑی، کہتے تھے کہ ہم چاہتے ہیں کیس کا فیصلہ آجائے، اب رونا دھونا کیوں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈران کل شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کھڑے قہقہے لگا رہے تھے، لگ نہیں رہا تھا کہ ان کے لیڈر کو سزا ہوئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے وزرا نے کہا کابینہ کی کارروائی ساڑھے 3 منٹ میں مکمل ہوئی اور ہم بند لفافے کی منظوری دے کر باہر آگئے، ان کے اپنے وزرا اس کے گواہ ہیں۔

نواز شریف نے اپنی ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا، بیرسٹر سیف

ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کے دوسرے فریق پراپرٹی ٹائیکون کے بارے میں عمران خان بڑے اچھے اچھے جملے فرمایا کرتے تھے، پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ ڈیل کے مرکزی کردار فرح گوگی اور شہزاد اکبر ہیں۔ ڈیل کے بدلے میں انہوں نے 4 سو کنال کی زمین لی، القادر ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں ساڑھے 25 کروڑ روپے کا کیش ٹرانسفر کروایا گیا، 28 کروڑ 40 لاکھ کی بلڈنگ بنائی گئی، 51 لاکھ روپے کا فرنیچر مانگا گیا، فرح گوگی کے نام پر زمین اس کے علاوہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے برعکس حسین نواز اور حسن نواز کو این سی اے سے کلین چٹ ملی تھی، یہ اعلیٰ عدالتوں پر کیسےالزام لگاسکتے ہیں کہ وہ تمام تر شواہد نظرانداز کرکے ان کو ریلیف دیں گی؟ مجھے ان کے اس دعوے پر خدشہ ہے اور عدلیہ کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی، اب وہاں جادوٹونہ نہیں سکھایا جائے گا، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کہتے تھے کہ ہم فلاں شخص کو واپس لائیں گے آج خود ان کی باری آئی ہے، حکومت ان تمام ملزمان کو واپس لانے کے لیے کوشش کرے گی۔

Read Comments