Aaj Logo

شائع 19 دسمبر 2024 08:37pm

ٹرانسپورٹرز نے کراچی کو جام کرنے کی دھمکی دے دی

آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن الائنس نے سندھ حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ 24 دسمبر تک مطالبات پر عمل نہ ہوا تو پورا کراچی جام کردیں گے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرانسپوٹر رہنما لیاقت خان مسعود نے کہا کہ شہر میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی لگانے سے ہمارا روزگار تباہ ہوگیا ہے، 60 ہزار لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

ٹرانسپورٹ رہنما شمس شہوانی نے کہا کہ سندھ حکومت نے کوئی ایسا بائی پاس نہیں بنایا کہ بھاری گاڑیاں شہر سے باہر جاسکیں، نیشنل ہائی وے کے اطراف سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

شمس شہوانی نے کہا کہ ہم ٹول پلازہ کو ماہانہ 3 کروڑ دیتے ہیں، ایکسائز اوردیگر ٹیکسز بھی ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود ہمیں کاروبارنہیں کرنے نہیں دیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سے منگل تک مذاکرات نہ کیے گئے تو کراچی کی تمام سڑکیں بلاک کردیں گے، شہر بھر میں کوئی آئل ٹینکر ، مزدا نہ ہی ڈمپر چلے گا۔

ٹرانسپورٹر رہنمائوں نے کہا کہ ہم اپنی تمام گاڑیاں کھڑی کرکے چابیاں سندھ حکومت کو دے دیں گے کہ وہ خود انہیں چلا لیں۔

Read Comments